بھٹکل:15؍اگست (ایس اؤ نیوز)ایک طویل جدوجہد، بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں ہمیں یہ آزادی حاصل ہوئی ہے ،75ویں یوم آزادی کے جشن کے موقع پر ہم سب آزادی سے جی رہےہیں تو اس کے لئے ہماری عظیم شخصیات کو یاد کرنا لازمی ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ممتادیوی نے کیا۔ وہ یہاں نوائط کالونی میں واقع تعلقہ اسٹڈیم (المعروف وائی ایم ایس اے میدان) میں 15اگست 2021بروز اتوار کو 75ویں یوم ِ آزادی کےموقع پر منعقدہ یوم ِ آزادی جشن میں سلامی لینے کے بعدافتتاحی خطاب کررہی تھیں۔ انہوں نے کہاکہ گرچہ دو سال سے ہم لوگ کورونا وباء سے پریشان ہیں لیکن اس کے باوجود ہمارے ملک کے تئیں جذبے میں کوئی کمی نہیں آئی ہے، وہی جذبہ ، وہی حوصلہ باقی ہے اور ہمیں مزید آگے بڑھ کر ملک کو ترقی کی راہ پر لے جاناہے۔ انہوں نے کورونا وباء کے دوران مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل ، بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن سمیت کئی ایک اداروں کی خدمات کی بھی ستائش کی۔
جشن کی صدارت کرتے ہوئےرکن اسمبلی سنیل نائک نے کہاکہ کورونا وباء پر قابو پانے میں مرکزی و ریاستی حکومتیں کامیاب ہوئی ہیں۔ وباء کے دورا ن عوام کے درمیان راشن کٹس ، ضروریات کو تقسیم کرنے والے شہر کے سبھی این جی اوز،سماجی خدمتگاروں ، تنظیموں اور حکومتی اداروں کا شکریہ اداکرتےہوئے ان کےخدمات کی ستائش کی۔ انہوں نے تنظیم اور فیڈریشن کا نام لےکر بھی ان کی خدمات کا تذکرہ کیا۔ پروگرام میں تنظیم کے جنرل سکریٹری ایم جے عبدالرقیب اور فیڈریشن کے صدر مولانا عزیز الرحمن ندوی سمیت 25کورونا وارئیرس کی تہنیت کی گئی ۔ اس موقع پر تحصیلدار روی چندرا، میونسپالٹی صدر قاسمجی پرویز ، ڈی وائی ایس پی بیلی اپا، بی ای اؤ دیوی داس موگیر ، سی ای اؤ رادھیکا سمیت کئی افسران ، شہر کی معزز شخصیات اور عوام جشن میں شریک تھے۔